پروڈکٹ سے متعلق آن لائن منفی ریویو دینے پر خاتون کو قید کی سزا؟ - Daily Jasarat News

2024-04-04 21:23:49

Urdu News - Today News - Daily Jasarat News

ابوجا: ایک خاتون کو پروڈکٹ سے متعلق آن لائن منفی ریویو دینا مہنگا پڑگیا، جس پر اسے عدالت کی جانب سے ممکنہ طور پر 7 سال قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق نائیجیریا میں ایک خاتون نے ٹماٹر پیوری کی آن لائن خریداری کی اور پروڈکٹ حاصل کرنے کے بعد اس پر منفی ریویو پوسٹ کیا، جس پر قانونی کارروائی دائر کردی گئی ہے اور عدالت میں زیر سماعت مقدمے میں سائبر کرائم کا الزام عائد کیا گیا ہے، جس کی سزا ممکنہ طور پر 7 سال کی قید ہو سکتی ہے۔

39 سالہ چیوما اوکولی نے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم فیس بک پر ٹماٹر پیوری سے متعلق اپنی رائے پوسٹ کی تھی، جس میں انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ اس میں بہت زیادہ چینی کا استعمال کیا گیا ہے۔

منفی پوسٹ سوشل میڈیاپر وائرل ہونے کے بعد اس پر ہزاروں تبصرے پوسٹ کیے گئے۔

بعد ازاں کمپنی کی جانب سے قانونی کارروائی کی گئی ہے، جس میں ان پر سائبر کرائم کا الزام عائد کیا گیا ہے، جس پر اگر سزا سنائی جاتی ہے تو وہ ممکنہ طور پر 7سال قید ہوگی۔

2024-04-04 News